مودی حکومت بھارت میں مہنگائی اور بے روزگاری پر قابوپانے میں ناکام رہی ہے ، کانگریس
ممبئی 30اگست (کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش دو بڑے چیلنج مہنگائی اور بے روزگاری ہیں اور مودی حکومت ان دونوں پر قابوپانے میں ناکام رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے4ستمبر کو نئی دلی میں پارٹی کے احتجاج سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کو بچانے میں بری طرح ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے آج بھارت کے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف سے عوام کو شدید مہنگائی کاسامنا ہے جبکہ مودی حکومت عوام میں مذہبی اور فرقہ وارانہ مسائل کوبڑھکا نے میں مصروف ہے۔انہوں نے مودی حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بھارت میں کورونا وبا کی وجہ سے مہنگائی میں اضافے کا حکومت کا دعویٰ بے بنیاد ہے اور مودی حکومت کو اپنی ناکامیوں کا سامنا کرناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے بنیادی اشیائے ضرویہ پر جی ایس ٹی ٹیکس عائد نہ کرنے کا اعلان کیاتھا تاہم اب یہ ٹیکس تمام اشیائے ضروریہ پر عائد کر دیاگیا ہے۔ اس موقع پر اتل لونڈے، چرنجیت سنگھ سپرا، راجو واگھمارے اور دیگر پارٹی لیڈربھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔