جب تک انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، قتل وغارت نہیں رکے گا: فاروق عبداللہ
سرینگر17اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں قتل وغارت کا سلسلہ اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک انصاف فراہم نہیں کیاجاتا۔
فاروق عبداللہ نے پیر کو ریاسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے باوجود جسے بی جے پی ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار ٹھہراتی تھی ،مقبوضہ جموں و کشمیر میںحالات کیوں بہتر نہیں ہوئے ۔وادی میں حالیہ ہلاکتوں خاص طور پر شوپیاں میں ایک کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال پرفاروق عبداللہ نے کہاکہ یہ اس وقت تک نہیں رکیں گی جب تک انصاف نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کو منسوخ ہوئے چار سال ہوچکے ہیں لیکن پھر بھی لوگ مر رہے ہیں۔ اگردفعہ370کی وجہ سے قتل وغارت ہورہی تھی تو پھر اس بے قصور پنڈت پورن کرشن بھٹ کو کیوں مارا گیا؟ اس کی کوئی نہ کوئی وجہ توضرور ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ370کی وجہ سے قتل وغارت نہیں ہورہی تھی ۔پورن کرشن بھٹ پر جنوبی کشمیر میں ان کی رہائش گاہ کے قریب حملہ کیا گیا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔