پاکستان

پاکستان کشمیر پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا:قمر زمان کائرہ

اسلام آباد25اکتوبر(کے ایم ایس )وزیراعظم کے مشیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیرکے بارے میں اپنے موقف پر ہمیشہ سے قائم ہے اور اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
قمرزمان کائرہ نے یہ بات انسٹی ٹیوٹ آف ریجنیل اسٹڈیز میں ”کشمیر کے بھارت سے الحاق کا تاریخی تناظر میں تجزیہ” کے موضوع پرایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی دشمنی اسی بات پر ہے کہ اس نے کبھی پاکستان کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا، چاہے وہ کرکٹ کا میدان ہی کیوں نہ ہو ان کے دلوں میں شروع سے دشمنی کا لاوا ابل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کو تسلیم کیا ہے بلکہ ہمیشہ اس کو کشمیر نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ سمجھا ہے۔ حکومت چاہے کوئی بھی ہو اور کوئی بھی جماعت برسراقتدار ہو،کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف ہمیشہ ایک رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ ظلم و جبر اور مختلف ہتھکنڈوں سے کشمیر کے جغرافیائی حالات کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بھی بھارت کی یہی پالیسی ہے کہ کشمیر کو عالمی منظر سے ہٹایا جائے جس کے لئے وہ شہریت اور ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیلیاں کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادمسئلہ کشمیر، مزدوروں ، کسانوں اور اقلیتوں کے حقوق پر رکھی گئی ہے۔ ہماری جماعت مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر کو زیادہ موثر طور پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کی معیشت کا مضبوط ہونا بے حد ضروری ہے۔ ہمیں مسئلہ کشمیر کو مختلف ٹاک شوز ، سیمیناروں اور تعلیمی اداروں میں اجاگر کرکے اپنی نسلوں کو اس سے بہتر طریقے سے روشناس کرانا ہے۔قمرزمان کائرہ نے کہاکہ بھارت میں نچلی ذات کے ہندو ، سکھ اور مختلف مذاہب کے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں جبر و تشدد کے قوانین کے تحت قوموں کے حقوق دبا ئے نہیں جا سکتے اور ایسے طریقوں سے ملکوں کو فتح نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کشمیر اور پاکستان کی ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button