علاقائی امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بلاول بھٹو

برسلز :پاکستان کے پارلیمانی سفارتی وفد کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے انتہائی ضروری ہے، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلاول بھٹو نے برسلز میں یورپی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کو اپنے اندرونی مسئلے کے طور پر پیش اور تنازعہ کشمیر کے بارے میں بین الاقوامی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کررہا ہے۔انہوںنے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل سے جڑا ہوا ہے جبکہ اس مسئلے کو حل کیے بغیر پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ بھی ممکن نہیں، پاکستان نے پہلگام واقعے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن اس کے بجائے نئی دہلی نے جارحیت کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی خطے کے امن میں خلل ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے نئی دہلی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ہٹ دھرمی کے راستے پر چلتا رہا تو پاکستان کا ردعمل ناگزیز ہو گا۔بلاول بھٹو نے پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت پر بھارت کی مذمت کی۔
بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے مستقبل میں پھرکوئی جارحیت کی تو پاکستان کی جانب سے سخت جوابی کارروائی کی جائے گی





