بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے کر مسئلہ کشمیر حل کرے،پاکستان
بھارتی وزیر کے بیان کی مذمت
اسلام آباد 28 اکتوبر (کے ایم ایس)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قرار دادوںکے مطابق انکا حق خود ارادیت دیکر تنازعہ کشمیر حل کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے آج ( جمعہ ) پریس بریفنگ میں شوپیاں اور کپواڑہ اضلاع میں فرضی مقابلوں میںشہریوں کے حالیہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین مولانا عباس انصاری کے سری نگر میں انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی انتھک جدوجہد کے لیے برسوں جیلوں میں گزارے۔ ترجمان نے سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر پر بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ہندوتوا جنونیوں کے حالیہ حملے اور توڑ پھوڑ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی وحشیانہ کارروائیاں کشمیریوں کے آزادی کے لئے عزم کو پست نہیں کرسکتیں۔
ترجمان نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر ایک عوامی تقریب میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور بے جا بیان کو بھی مسترد کیا اور اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا یہ بیان کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں ترقیاتی کام شروع کر دیے ہیں وہ مظفر آباد سے ہوتے ہوئے گلگت بلتستان تک جائیں گے سراسر مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر کے فریبی ریمارکس ایک طرف مضحکہ خیز ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے خلاف بھارتی دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہے اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک عالمی برادری کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے گزشتہ روز یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر اپنا بھرپور اثرورسوخ استعمال کرے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں اور کشمیریوں کے خلاف جابرانہ اقدامات بند کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز نے بھی جموں و کشمیر کے تنازعہ کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرنے کے لیے متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے او آئی سی، پی فائیواور یورپی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں لانے اور کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم کرنے کے لیے بھارت کے مذموم عزائم سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، سلامتی کونسل کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط ارسال کئے ہیں تاکہ انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔KMS-15/M