”دی وائر“ کے ایڈیٹروں کے گھروں ،دفاتر پر چھاپے باعث تشویش ہیں، ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا
نئی دلی 03نومبر ( کے ایم ایس )ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے نئی دلی پولیس کی طرف سے آن لائن نیوز پورٹل دی وائر کے ایڈیٹرز کے گھروں اور دفاتر پر چھاپوں کو انتہائی باعث تشویش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے چھاپوں میں جس عجلت کا مظاہرہ کیا وہ غیر مناسب تھا۔
ایڈیٹرزگلڈ نے نئی دلی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں درج کی گئی شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ڈرانے دھمکانے کے حربے استعمال کرنے سے گریز کرے۔
انڈین وومن پریس کارپس (آئی ڈبلیو پی سی) نے بھی دی وائر کے خلاف پولیس کارروائی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں نیک شگون نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ پولیس نے دی وائر کے ایڈیٹروں کے خلاف بی جے پی رہنما امیت مالویہ کی فوجداری ہتک عزت شکایت پر کارروائی عمل میں لائی ہے۔پولیس نے مکانات اور دفاتر پر چھاپوں کے دوران ایڈیٹروں کے فون، کمپیوٹر اور آئی پیڈس ضبط کیے۔