بھارت :کیرالہ دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی، 52زخمی
کوچی:بھارت کی ریاست کیرالہ میں ایک عیسائی مذہبی گروپ کے کنونشن سینٹر میں ہونے والے کئی دھماکوں میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ارناکولم ڈسٹرکٹ کلکٹر نے بتایا کہ یہ دھماکے اتوار کی صبح کوچی کے علاقے کالامسری میں ایک عیسائی مذہبی گروپ کے زمرہ انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں ہوئے۔کلکٹر این ایس کے امیش نے زخمیوں کے بارے میں بتایا کہ 10لوگوں کو کالامسری میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے اور ان میں سے دوکوجو 50فیصد سے زیادہ جھلس چکے ہیں،دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ آٹھ افراد کو میڈیکل کالج کے جنرل وارڈ میں داخل کیا گیاہے اور باقی دیگرہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔کیرالہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس شیخ درویش صاحب نے ترواننت پورم میں صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے بارودی مواد پھٹنے کی وجہ سے ہوئے ہیں۔