بھارت :کرناٹک میں دلت جوڑے کو مندر میں شادی کی اجازت دینے سے انکار
بنگلورو07نومبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک میں مندرکی انتظامیہ نے ہندوئوں کی نچلی ذات دلت خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو شادی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
واقعہ چکبالاپور شہر کے گوڈی بانڈے قصبے میں پیش آیاہے۔ برہمنارا ہالی کے رہنے والے اوولوکونڈپا نے شادی کے لئے مندر انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا۔ مندر کے سیکریٹری ماچاولاہلی وینکٹارایپا نے انہیں بتایا کہ کمیونٹی ہال پہلے سے ہی بک ہو چکا ہے اور بالکل بھی دستیاب نہیں ہے۔بعد میں معلوم ہوا کہ شادی ہال اس دن بک نہیں ہوا تھا اور مندر کا کمیونٹی ہال جان بوجھ کر کرائے پر نہیں دیا گیا تھا کیونکہ جوڑے کا تعلق دلت برادری سے تھا۔ اوولوکونڈپا نے کہا کہ شادی ہال کرایہ پر نہیں دیا گیا کیونکہ وہ اور ان کی بیوی دلت برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ جوڑے نے اس سلسلے میں گڑی بانڈے کے تحصیلدار اور سماجی بہبود افسر سے بھی شکایت کی ہے۔ دلت تنظیموں نے بھی اس سلسلے میں تعلقہ دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔