مودی حکومت کی طرف سے ٹی وی چینلوں پر نئی پابندیاں عائد ، قومی مفاد کے پروگرام دکھاناضروری قراردیدیا
نئی دلی 10نومبر (کے ایم ایس)
بھارت میںمودی کی ہندوتوا حکومت نے میڈیاپر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ہر ٹی وی چینل کیلئے قومی مفاد کے پروگرام دکھانا لازمی قرار دیدیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت نے ٹی وی چینلوں کو اپ لنک اور ڈان لنک کرنے کے رہنما ء خطوط 2022کو منظوری دی ہے جس کے تحت اب ہر ٹی وی چینل کو قومی مفاد اور عوامی دلچسپی سے متعلق پروگرام نشر کرنے کیلئے روزانہ 30منٹ مختص کرنا لازمی قراردیاگیاہے۔ میڈیا کیلئے جاری نئی ہدایات کے مطابق اب ہر ٹی وی چینل کیلئے قومی مفاد سے متعلق پروگرام نشر کرنے کیلئے روزانہ کم از کم 30 منٹ مقرر کرنالازمی ہوگا۔ مودی حکومت نے اس سلسلے میں میڈیا کیلئے 8موضوعات (تھیم) بھی جاری کئے ہیں۔مودی حکومت کی طرف سے جاری ہدایات 9نومبرسے نافذ العمل ہیں۔بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ٹی وی چینلز کو اس طرح کے پروگراموں کی تیاری کیلئے وقت دیا جائے گا۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق ٹی وی چینلز کو تعلیم ، خواندگی، زراعت ، دیہی ترقی، صحت ، خاندانی بہبود، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر پروگرام دکھانا ہوں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود، معاشرے کے کمزور طبقوں کی بہبود، ماحولیات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے پروگراموں کو شامل کرنا ناگزیر ہے۔