انسانی حقوق

بھارت اپنی ہٹ دھرمی ترک اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرے ، کل جماعتی حریت کانفرنس

download (2)سرینگر10نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت قراردیتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کوانکاناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کرر ہا ہے اور کشمیری عوام بالخصوص نوجوان اپنے مادر وطن کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزاد کرانے کیلئے گزشتہ سات دہائیوں بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے عظیم شہدا کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کے پیدائشی حق کو سلب کر رکھا ہے۔ حریت ترجمان نے مزید کہا کہ قابض بھارتی فوج اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور زخمی کر چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر ی حریت پسندوںکو جیلوں میں قید کر کے کے وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنایاجاتا ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں بے گناہوں کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے ماضی میں کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کامیاب نہیںہوں گے ۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے، بھارت فوجی طاقت کے بل پر اس مقبوضہ علاقے پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری عوام اور قیادت کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم بھارتی حکام وحشیانہ کارروائیوں کے ذریعے ان کی جائز آواز کو خاموش کراناچاہتے ہیں ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں بشمول زمرودہ حبیب، شبیر احمد ڈار اور ڈاکٹر مصعب نے اپنے الگ الگ بیانات میں جیلوں میں نظر بند حریت رہنمائوں اور نوجوانوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی افواج کی جبری اور غیر قانونی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں۔KMS

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button