جنیوا:بھارت کو انسانی حقوق کے بدترین ریکارڈ پر سخت ہزیمت کا سامنا
جنیوا11 نومبر (کے ایم ایس) جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے یونیورسل پیریڈک ریویو کے حوالے سے اجلاس میں انسانی حقوق کے بدترین ریکارڈ پر بھارت کو سخت ہزیمت کا سامنا ہے اور کئی ممالک نے اس حوالے سے اسکے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا یونیورسل پیریڈک ریویو ورکنگ گروپ اپنے اجلاس میں چوتھی بار بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کا جائزہ لے رہا ہے ۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے یونیورسل پیریڈک ریویو کے دوران یونان، لکسمبرگ، ہالینڈ، ویٹیکن سٹی، آئرلینڈ، جنوبی کوریا، اٹلی، لتھوانیا، بیلجیم، میکسیکو، فرانس اور نیپال سمیت مختلف ممالک نے حکومت سے مذہبی آزادی کو یقینی بنانے اور انسانی حقوق کے محافظوں اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مذہب کی آزادی پر سخت ترین تبصرہ یونان کی طرف سے آیا جس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مذہب کی آزادی کے مکمل نفاذ کو یقینی بنائے۔
جرمنی نے بھارت میں حقوق کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاجرمنی پسماندہ گروہوں، خاص طور پر مذہبی اقلیتوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے بارے میں فکر مند ہے۔ جرمن نمائندے نے کہا کہ دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم ہونا چاہیے۔اٹلی نے بھارت سے کہا کہ وہ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور آزادی اظہار اور مذہب کی آزادی کو فعال اوراقلیتوںکے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔لتھوانیا نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی اظہار اور سول سوسائٹی پر پابندیاں ختم کرے۔یلجیم نے بھارت میں شہری آزادیوں کا مسئلہ اٹھایا اور مذہب کی آزادی پر پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔مارشل آئی لینڈ نے خواتین کے خلاف ذات پات کی بنیاد پر تشدد اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔میکسیکو نے شہریت ترمیمی ایکٹ کا معاملہ اٹھایا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے لوگوں کے بے وطن ہونے کے امکانات کم ہوں۔فرانس اور مونٹی نیگرو نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تشدد کے خلاف کنونشن کی توثیق کرے۔نیپال نے بھارت سے کہا کہ وہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔ اسرائیل جو کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے میں بھارت کی رہنمائی اور مدد کر رہا ہے، نے بھی نئی دہلی سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔