مقبوضہ کشمیر:کھانسی کے بھارتی شربت نے کئی بچوں کی جان لی
نئی دہلی13 نومبر (کے ایم ایس) بھارتی ساختہ کھانسی کے شربت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں کئی بچوں کی جانیں لی ہیں۔ شربت کے استعمال سے گیمبیا اور انڈونیشیا میں بھی بیسیوں بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔
انسانی حقوق کے بھارتی کمیشن نے مقبوضہ علاقے کے ضلع ادھمپور میں کھانسی کا شربت پینے سے فوت ہو جانے والے دس بچوں کے لواحقین کو فی کس تین لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی تاہم اس نے یہ کہہ کر یہ درخواست خارج کردی کہ اس معاملے میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس ایم ایم سندریش پر مشتمل بنچ نے کہا کہ انتظامیہ افسران کی طرف سے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا ہے ، انہیں ہوشیار رہنا چاہیے تھے ۔ بنچ نے کہا کہ چیزوں کی جانچ اور تصدیق کرنا افسران کا فرض ہے لیکن وہ اپنے فرائض انجام نہیں دیتے ۔
ادھم پور کی تحصیل رام نگر میں دسمبر 2019 اور جنوری 2020 میں کھانسی کا زہریلا شربت پینے سے دس بچے فوت ہو گئے تھے۔
بھارتی ساختہ شربت پینے کے سبب رواں برس اکتوبر میں انڈونیشیا میں تقریباً 100 بچوں کی موت ہوئی تھی جبکہ گیمبیا میں بھی مذکورہ شربت کے استعمال کی وجہ سے تقریباً ستر بچوں کی جان چلی گئی تھی۔