کسانوں کے قتل،پرینکاگاندھی کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کا احتجاج
جموں 05اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے رہنمائوں نے پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کی گرفتاری اور کسانوں کے قتل کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی ۔پرینکا گاندھی بی جے پی کے ایک وزیر کے بیٹے کی طرف سے آٹھ افراد کو اپنی گاڑی تلے کچلنے سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری جارہی تھی جب انہیں حراست میں لے لیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے نائب صدر رمن بھلہ نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی ۔مظاہرے کا اہتمام کانگریس ریفیوجی سیل کے وائس چیئرمین امرت بالی نے کیاتھا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ اتر پردیش کی یوگی حکومت کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے کسانوں کے قتل کے گھنائونے جرم اور پرینکا گاندھی کی گرفتاری میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں یوپی میں ہلاک ہونے والے کسانوں کے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی بھی کیاگیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمن بھلہ نے لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ بی جے پی حکومت کی بے حسی کو افسوسناک قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو ہمیشہ ہماری غیر مشروط حمایت حاصل رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور بے گناہ کسانوںکے قتل میں ملوث بھارتی وزیر کے بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیاجانا چاہیے ۔ انہوں نے وزیر کے بیٹے کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ۔