مقبوضہ جموں و کشمیر

پاکستان مظلوم کشمیریوں کا محسن اور واحد امید ہے: غلام احمد گلزار

00بشیر عرفانی کو تھانے سے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا گیا
سرینگر 26 نومبر (کے ایم ایس): کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کا جنہیں سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے،محسن اور واحد امید ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت ہر کشمیری کو ختم کرنے اور ان کی سرزمین چھیننے پر تلی ہوئی ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کودنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد دی۔ غلام احمد گلزار نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی مسلسل حمایت پر سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
مودی حکومت آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کو نافذ کرنے اورمقبوضہ جموںوکشمیرمیں مسلمانوں کو بے اختیار کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہی ہے۔ اپنے تازہ ترین اقدام میںاس نے علاقے کی حتمی انتخابی فہرستوں میں 7 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کو شامل کیا ہے، جن میں سے اکثریت غیر مقامی ہندوئوں اور بھارتی افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی کو مقبوضہ جموںوکشمیر کے نام نہاد اسمبلی انتخابات میں فائدہ پہنچانا ہے تاکہ مستقبل میں مقبوضہ علاقے پر ایک ہندو وزیر اعلیٰ کو مسلط کیاجا سکے۔
دریں اثنا قابض حکام نے آج غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی کو ہمہامہ پولیس اسٹیشن سے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کردیا۔ انہیں بھارتی پولیس نے رواں ماہ کی 3تاریخ کو ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور سے گرفتار کیا تھا۔
قابض حکام نے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کی متعدد جائیدادیں بھی ضبط کر لیں۔یہ جائیدادیں ضلع کے علاقوں دانجی پورہ، مٹن اور سرسائی میں ضبط کی گئی ہیں جن میں باغات، شاپنگ کمپلیکس، زرعی زمینیں اور رہائشی مکانات شامل ہیں۔
ادھر سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے بیانات اور انٹرویوز میں افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو دنیا کے سامنے لانے پر صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتے سے کئی صحافیوں کو روزانہ کی بنیاد پر تھانوں میں طلب کیا جا رہا ہے اور پوچھ گچھ کے نام پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔
بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع پونچھ میں آج مسلسل تیسرے روز بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ فوجیوں نے جمعرات سے ضلع کے علاقے مینڈھر میں آپریشن شروع کررکھا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button