بھارتی فوج کشمیری خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے : مشعال
اسلام آباد25 نومبر (کے ایم ایس) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج کشمیری خواتین کی آبروریز ی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر ہی ہے۔
مشعال حسین ملک نے آج” خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن“ کے موقع پر ”اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ“ (آئی پی آر آئی ) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار سے اپنے خطاب میں کہا کہ عصمت دری اور تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا انسانیت کے خلاف ایک سنیگن جرم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی ، پولیس اور پیرا ملٹری اہلکارمقبوضہ علاقے میں کئی دہائیوں سے جنسی تشدد میں ملوث ہیں اور انہوں نے اب تک گیارہ ہزار سے زائد کشمیری خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باعث خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔مشعل حسین ملک نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ انہیں اور انکی بیٹی کو بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بہیمانہ برتاﺅ کا سامنا کرنا پڑا تھا جب وہ اپنے شوہر سے ملنے وہاں گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کے گھناﺅنے جرائم کی عینی شاہد ہیں۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں خاص طور پر خواتین پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔