مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کیخلاف وادی نیلم میں احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد10دسمبر(کے ایم ایس)انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرمقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کیخلاف آزادجموں وکشمیر کی وادی نیلم میں پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرہ وادی نیلم کے صدر مقام اٹھمقام کے بنتل شہدا ء چوک میں کیاگیا جس کی قیادت پاسبان حریت جموں وکشمیر کے ضلعی صدر شرافت حسین ملک نے کی۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ درج تھا ۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت اور قابض فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مقررین نے کہا کے آج جبکہ پوری دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کا عالمی دن منایا جارہا ہے، بھارت نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں ریاست جموں و کشمیر کے نہتے عوام پر فوجی دہشتگردی مسلط کرکے انسانی قدروں اور حقوق کی بدترین پامالی کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک کر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو قتل کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ ریاست میں کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے اوربے گناہ لوگوں پر مظالم ڈھارہی ہے لیکن بھارت کو ان مظالم سے روکنے والا کوئی نہیں ہے ۔مقررین نے کہاکہ بھارتی جیلوں میں اس وقت بھی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بزرگ، نوجوان، خواتین اور بچے نظربند ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے سوال کیاکہ وہ کشمیریوں کے انسانی ، سماجی اور مذہبی حقوق پامال ہونے کے باوجودکیوں خاموش ہیں؟انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کیمطابق حل کرانے میں اپنا کردار اداکرے اورنہتے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے ۔