شبیر احمدشاہ کا شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت
سرینگر:حریت رہنماﺅں کا شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت
سرینگر 10 اگست (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے معروف کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کے16ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست 2008کو ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کرد یا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میںشہید قائد کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص اور بااصول رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کردی تھی۔ انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز آزادی کی جدوجہد کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے، انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے انتھک جدوجہد میں ان گنت آزمائشوں اور مصائب کو برداشت کیا۔انہوںنے کہا کہ اپنے غیر متزلزل عزم اور تحریک آزادی میں مثالی کردار پر شہید رہنما کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے بھی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں شیخ عبدالعزیز کو ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔ انہوںنے کہا کہ شیخ عزیز نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور تحریک آزادی میں بے مثال جدوجہد اور خدمات پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما بلال احمد صدیقی نے شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جدوجہد اور قربانیوں کا مظہر تھے ۔ انہوںنے کہا کہ زندہ قوموں کی نشانی یہ ہے کہ وہ شہداءکو فراموش نہیں کرتیںاور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھتی ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی کے علاوہ غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ اور فریدہ بہن جی نے بھی اپنے بیانات میں شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرعزم، پراعتماد، ثابت قدم اور سرشار رہنما تھے جنہوں نے جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں اپنی قیمتی جان قربان کی۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے شیخ عبدالعزیز کو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد آزادی کے لیے شہید کا غیر متزلزل عزم کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے 2008 میں ہندوتوا انتہا پسندوں کی طرف سے مسلط کردہ وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سری نگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور جموں وکشمیر ایک روز غیر قانونی بھارتی تسلط سے ضرو رآزاد ہوگا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور ڈی ایف پی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے بھی ایک بیان میں شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہاکہ شہید رہنما کی قابل فخر میراث آزادی اور انصاف پر یقین رکھنے والی کشمیر کی آئندہ نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی ۔ا نہوںنے کہا کہ شہید رہنما صداقت ، امانت اور دیانت کے پیکر تھے جنہوں نے اپنی جاں لٹادی لیکن ظالم قوتوں کے آگے سر نہیں جھکایا۔ محمود احمد ساغر نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں عظیم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ جدوجہد میں ثابت قدم رہنا اور جاری تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاناہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماﺅں الطاف حسین وانی، مشتاق احمد بٹ، شیخ یعقوب، سید اعجاز رحمانی، انجینئر مشتاق محمود، زاہد اشرف، سید گلشن، شیخ عبدالمجید اور عزیز احمد غزالی نے بھی شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے برسہابرس بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزارے لیکن وہ اپنے حق پر مبنی موقف پر ڈٹے رہے۔ انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے خود کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھا تھا اور بالآخر اپنی جان بھی اسی راہ میں نچھاور کردی۔