کرناٹک: پروفیسر نے مسلمان طالب علم کو دہشت گرد کہہ دیا
بنگلورو30نومبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر اڈپی کی منی پال یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے مسلمان طالب علم کو کلاس میں دہشت گرد کہہ دیا۔ اس معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پروفیسر کی طرف سے دہشت گرد کہنے کے بعد جب طالب علم نے ان سے کہا کہ مسلم برادری سے ہونے کی وجہ سے ہمیں ہمیشہ ایسے طعنے سننے پڑتے ہیں جس پر پروفیسر نے جواب دیا تم میرے بچے جیسے ہو۔ طالب علم نے جواب دیتے ہوئے کہا کیا آپ اپنے بیٹے سے بھی اسی طرح بات کرتے ہیں اور اسے بھی دہشت گرد کہتے ہیں ، آپ نے اتنے طلباءکے سامنے مجھے ایسا کیوں کہا، آ پ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں ، آپ ایک پروفیسر ہیں ، آپ کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے ۔ طالب علم کے ان جملوں کے بعد پروفیسر نے کہا کہ مجھے افسوس ہے جس پر طالب علم نے کہا اتنا کہہ کو آپ کی ذہنیت نہیں بدلے گی۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے پروفیسر کو معطل کر دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔