گجرات فسادات: بھارتی سپریم کورٹ نے مودی کو کلین چٹ دیدی
نئی دلی25 جون (کے ایم ایس)بھارتی سپریم کورٹ نے 2002کے گجرات فسادات میں ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو کلین چٹ دے دی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سپریم کورٹ نے 2002کے گجرات فسادات کے پیچھے کارفرما بڑی سازش کی تحقیقات سے انکار کرتے ہوئے مقتول کانگریس رہنما احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی درخواست کو خارج کر دیا اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو دئی گئی کلین چٹ کو برقرار رکھا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ ذکیہ کی اپیل میں کوئی میرٹ نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے پورے معاملے میں طویل سماعت کے بعد گزشتہ برس9دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ گجرات فسادات کے دوران گلبرگ ہاﺅسنگ سوسائٹی قتل میں جانحق ہونے والے کانگریس رہنما احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری نے ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو سپریم میں چیلنج کیا تھاجس میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کیلئے ریاست کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کیطرف سے کسی بڑی سازش کو مستر د کیا گیا تھا۔ ہندو جتھوں نے گلبرگ سوسائٹی میں احسان جعفری سمیت 68مسلمان زندہ جلا کر شہید کر دیے تھے ۔فسادات کے دوران ہزاروں مسلمانوں شہید کیے گئے تھے۔