بھارت کشمیریوں کو معذور کرنے کیلئے پیلٹ چھرو ں،گولیوں اوروحشیانہ تشددکا بے دریغ استعمال کررہا ہے ، رپورٹ
سرینگر03 دسمبر (کے ایم ایس) بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے زیر حراست افراد پر وحشیانہ تشدد، پر امن مظاہرین کے خلاف پیلٹ چھروں اور گولیوں کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے ہزاروں کشمیری عمر بھر کیلئے معذور ہوچکے ہیں۔ پیلٹ لگنے کی وجہ سے 2سو سے زائد افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی یک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپا ہج بنانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ، پر امن مظاہروں پرگولیوں ،پیلٹ چھروں ، پا وا اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ زیر حراست افراد کو تفتیشی مراکز میں بجلی کے جھٹکے دیے جاتے ہیں، ان کے پٹھوں پر رولر پھیرے جاتے ہیں ، ان کے بدن کو گرم چیزوں سے جلایا اور انہیں الٹا لٹکایاجاتا ہے۔ محکوم کشمیریوں کے خلاف کھلونانما بموں اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا جس کی وجہ سے 1947 سے اب تک کشمیر کے ہزاروں بے گناہ افراد شہید اور معذور ہو چکے ہیں۔ مہلک پیلٹ چھروں کے استعمال کے بعد سے معذوری کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہو اہے ۔
رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تشدد کے منظم طریقہ کار کے تحت کشمیریوں کو معذور کرنے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی فعل کا نوٹس لے۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب، چودھری شاہین اقبال، غلام نبی وار، حکیم عبدالرشید، محمد عاقب، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ اور جموں وکشمیر اسلامی تنظیم آزادی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار علاقے میں بیگناہ نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کر کے انہیں تشدد کا نشانہ اور جسمانی طور پر معذور بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہیومن رائٹس واچ سمیت کئی بین الاقوامی تنظیموں نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں پر بھارتی مظالم کے حوالے سے چشم کشا والی رپورٹیں جاری کی ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیر میں بھارتی مظالم میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔