بی جے پی اور آر ایس ایس نے بھارت کے تمام اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے: راہول گاندھی
نئی دہلی11دسمبر(کے ایم ایس)بھارت میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی نے ملک کے تمام اداروں پر قبضہ کر لیا ہے اور آئین صرف نام کا رہ گیاہے۔
راہول گاندھی نے اندور میں ایک انٹرویو میں کہا کہ آئین بھارت کے ادارہ جاتی ڈھانچے کا مرکز ہے۔ پارلیمنٹ، ریاستی قانون ساز اسمبلیاں، عدلیہ، بیوروکریسی اور میڈیا اپنی طاقت آئین سے حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئین کی حفاظت سب کا مقدس فریضہ ہے۔ لیکن ان تمام اداروں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔کانگریس لیڈر نے موجودہ سیاسی منظر نامے کی مایوس کن تصویر پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مخالفت کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اب اپنی بات نہیں کہہ سکتیں،اپوزیشن کو زراعت کے بحران، نوٹ بندی اور چین کے ساتھ تعطل پر بات کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کے مائیک بندکردیے جاتے ہیں۔۔راہول گاندھی نے دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عدلیہ میں ان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک سیاسی لڑائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے پاس پیسہ اور سرکاری وسائل ہیں۔ دلتوں، پسماندہ طبقوں اور قبائلیوں کی صرف آواز ہے۔ اگر ہم انہیں منظم کر سکے تو یہ ایک طاقتور قوت بن جائے گی۔ لیکن اس وقت وہ سب بکھرے ہوئے ہیں۔