کشمیریوں کے قتل کے پے درپے واقعات نے بھارتی حکومت کے بیانیے کو پاش پاش کر دیاہے، محبوبہ مفتی
سرینگر06اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالیہ دنوں میں نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات میں اضافے نے بھارتی حکومت کے کشمیر میں صورتحال کی بہتری کے بیانیے کو پاش پاش کردیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں وادی کشمیر میں حالیہ دنوں میں شہریوں کے قتل کے واقعات میں تیزی پر قابض بھارتی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان واقعات نے مودی حکومت کے نارملسی کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت انتہائی غیر سنجیدہ ہے جس نے مقبوضہ علاقے میں سیکورٹی کی آڑ میں اپنی ظالمانہ پالیسیوں سے انسانی زندگیوں کی قدروقیمت کم کردی ہے اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو مزید خطرے اور انتشار میں دھکیل دیا ہے۔محبوبہ مفتی نے منگل کی شام نامعلوم مسلح افراد کی طر ف سے سرینگر میں دو شہریوں اور شمالی کشمیر کے علاقے حاجن میں ایک شہری کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے واقعات کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیریوں کیلئے خطرات بڑھ گئے ہیں اور وہ انتشار میں پھنس گئے ہیں ۔