مقبوضہ جموں وکشمیر میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک اوربھارتی فوجی افسر کی موت
سرینگر13مارچ(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع پونچھ میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا ہے جو ایک ہفتے کے دوران بھارتی فورسز اہلکاروں کی اس طرح کی چوتھی ہلاکت ہے۔
بی ایس ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی شناخت بی ایل جونکو کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع کے علاقے مینڈھر میں پراسرار طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ اس موت سے نئی دہلی میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں خاص طورپرمقبوضہ جموں وکشمیرمیں تعینات بھارتی فوجیوں میں اس طرح کی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسرمینڈھر نے بھی فوجی افسر کی موت کی تصدیق کی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی فورسز اہلکاروں میں دل کا دورہ پڑنا بہت عام ہوگیا ہے کیونکہ گزشتہ چند دنوں میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز اہلکاروں کی یہ چوتھی موت ہے۔اس سے قبل بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک کانسٹیبل گزشتہ پیر کو سرینگر کے مضافاتی علاقے لیتہ پورہ میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔اس سے ایک روز قبل اتوار کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوج کے ایک کرنل کی اسی طرح سے موت ہو گئی تھی۔