خصوصی دن

کل جماعتی حریت کانفرنس کا قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر25دسمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو آج ان کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم ایک عظیم صاحب بصیرت رہنما تھے اور جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے ان کی متحرک قیادت میں ایک علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کی اور بالآخر 1947میں اسے حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ تھے اور انہوں نے قیام پاکستان کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان سے بے پناہ محبت ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اسی وقت مکمل ہو گا جب کشمیر بھارت کی غلامی سے آزاد ہو کر اس کا حصہ بنے گا۔
حریت رہنما یاسین عطائی نے اپنے بیان میں کہا کہ قائداعظم کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور معاشی طورپر ریڑھ کی ہڈی کہا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا مقدر ہے اور کشمیری عوام پاکستان کی تکمیل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ زمرودہ حبیب نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے لیے واحد امید ہے کیونکہ یہ ملک بین الاقوامی سطح پر ان کے کیس کی وکالت کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا بلکہ تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو بھی تیز کرے گا۔ یاسمین راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے ٹھوس کوششیں کیں اور ان کے کشمیر کے متعدد دوروں سے ان کی کشمیر سے گہری وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔ فریدہ بہن جی نے ایک بیان میں بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کشمیر کی آزادی کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار تھے۔ڈاکٹر مصعب نے اپنے بیان میں کہا کہ قائداعظم نے درست نشاندہی کی تھی کہ مسلمانوں کو برصغیر میں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک الگ ریاست کی ضرورت ہے۔بشیر اندرابی نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری مضبوط مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور قائد اعظم محمد علی جناح نے بجا طور پر کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔مولانا ساجد ندوی نے اپنے بیان میں بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی آزادی سے قبل بھی کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی تھی۔حریت رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم مفکر اور عظیم قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔ انہوں نے کہاکہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے خطے کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا جسے قائداعظم نے حقیقت بنادیا۔ حریت رہنما محمد عاقب نے اپنے بیان میں کہا کہ قائداعظم پاکستان کے لیے کشمیر کی اہمیت کو سمجھتے تھے اور وہ جانتے تھے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اس لیے انہوں نے جموں و کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button