پاکستانخصوصی دن

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی طرف سے کشمیری شہداء کو شاندارخراج عقیدت

اسلام آباد27 اکتوبر (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جموں و کشمیر کے تمام شہداکو ان کی بے مثال قربانیوں پرشاندار خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو ان کے عزم اور استقامت پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف منائے جانیوالے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کشمیریوںکی خواہشات کے خلاف جموں وکشمیر پربھارت کے غیر قانونی قبضے کو 75سال مکمل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 75 سال قبل27اکتوبر 1947کو بھارت نے اپنی فوجیں زبردستی جموں و کشمیر میں اتاریں اور اس وقت سے بھارت نے مقبوضہ علاقے پر زبردستی اور غیر قانونی قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے جموں و کشمیر کا تنازعہ زبردست مشکلات کے خلاف کشمیریوںکی امید کی جنگ، خوف کے خلاف ہمت اور ظلم کے خلاف قربانی کی جنگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی مذموم مہم 5 اگست 2019 سے تیزی سے جاری ہے جب بھارت نے اپنے ہی آئین کی دفعہ 370اور 35Aکو منسوخ کردیا تھاجن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 3برس کے دوران جابرانہ اقدامات کئے جن کے ذریعے کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقوں میں ہندو اکثریتی انتخابی حلقے بنانے، غیر کشمیریوں کو لاکھوں جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا اجرا، اراضی اور جائیداد کی ملکیت سے متعلق نئے قوانین اور دیگر توسیع پسندانہ اور جابرانہ اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں غیر کشمیری باشندوں کو شامل کیا جارہا ہے، یہ غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی براہ راست خلاف ورزی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیریوں کی شناخت کو تبدیل کرنے کا بھارت کا مذموم اقدام بدنیتی پر مبنی مہم کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجیوں رکھنے والے علاقوں میں سے ایک بن گیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی 3 نسلیں دنیا اور اقوام متحدہ کے وعدوں کا انتظار کرتی رہی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو جوابدہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے، بھارتی حکومت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button