مقبوضہ کشمیر:شہریوں کے قتل کے خلاف پی ڈی پی کااحتجاجی مظاہرہ
سرینگر08اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے سرینگر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل کے پے درے پے واقعات کے خلاف سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ڈی پی کے کارکنوں نے سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر سے لال چوک کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم وہاں تعینات بھارتی پولیس اہلکاروں نے انہیں آگے نہیں جانے دیا اور مظاہرین کو پارٹی دفتر کے احاطے تک محدود کر دیا۔
اس سے قبل پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماء سہیل بخاری نے آج سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل کے واقعات میں اضافے پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منوج سنہا نے وادی کشمیر میں شہریوں کے قتل کے حالیہ واقعات کے بعد مقبوضہ علاقے کے لیفٹیننٹ گورنرکے طورپر اپنی ملازمت جاری رکھنے کا اخلاقی حق کھودیا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ گزشتہ دوبرس سے بھارت وادی کشمیرکی صورتحال کو براہ راست طورپرکنٹرول کر رہا ہے اور دیکھیں وہ آج ہمیں کہاں لے آئی ہے ۔سہیل بخاری نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے اور کوئی کشمیری آج خود کو محفوظ نہیں سمجھتا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال دن بہ دن بگڑ رہی ہے اور ہم لیفٹیننٹ گورنر سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔