APHC

حریت رہنما ئوں کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے پر اظہار تشویش

سرینگریکم جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے نئے سال کے آغاز پر بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد یاسین عطائی، زمرودہ حبیب ،یاسمین راجہ، ڈاکٹر مصعب اور مولوی سجاد ندوی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو 2023کے نئے سال کا استقبال پہلے کی طرح فسطائی بھارتی حکومت اور اس کی مسلح فورسزکی طرف سے بے گناہ لوگوں کے املاک کی مسماری ، ان پر قبضے اور شہریوں کوہراساں کئے جانے سے کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ بغیر کسی قانون کے یہ خطہ ایک فوجی اور پولیس سٹیٹ بن چکا ہے جو اگست 2019کے بعد سے جب مودی حکومت نے اس کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی، محاصرے میں ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ،بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے کے چھاپوں کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ فسطائی مودی حکومت کشمیریوں کو حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر نشانہ بنارہی ہے اور علاقے کے تمام اداروں کو ہندوتواکے رنگ میں رنگنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں، تشدد، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور تمام بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ایک معمول بن چکا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین ، حریت رہنما ئوںسید اعجاز رحمانی اور شیخ یعقوب نے اپنے الگ الگ بیانات میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ سمیت دنیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسزکے مظالم اور کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق،حق خودارادیت کے لیے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، مولوی بشیر احمد، ناہیدہ نسرین، معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام سمیت بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندتمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button