یاسین ملک کی والدہ کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیہ مجلس کا اہتمام
اسلام آباد 08نومبر(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں سینئر حریت رہنما محمد یاسین ملک کی والدہ کی جلد صحتیابی کے لئے ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغرنے کی۔
مجلس میں بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک کی والدہ محترمہ کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی گئی جوچندیگڑھ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ محمد یاسین ملک کی والد شدید علیل اور ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔حریت رہنمائوں نے مختلف جیلوں میں نظر بند اور مختلف عارضوں میں مبتلا حریت پسند کشمیریوں کے لیے بھی دعا کی۔ اس موقع پر شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
دریں اثناء دعائیہ مجلس میں حریت پسند نذیر احمدعرف عاقب کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا گیا اور لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ مجلس میں مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ نذیراحمد طویل علالت کے بعدآج راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔