مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہندوتوا ایجنڈے کو نافذ کرنے کے لیے جی 20 کی صدارت کا غلط استعمال کر رہی ہے
سرینگر11جنوری(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے G-20کی صدار ت کاغلط استعمال کر رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام احمد گلزار، مولوی بشیر احمد عرفانی اور غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ 05اگست 2019کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی تاریخ میں ایک اورسفاکانہ باب کا اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکومت نے کشمیری عوام کو بے اختیار بنانے اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کے لیے آبادی کے تناسب میں تبدیلی، انتظامی اور انتخابی سمیت کئی اقدامات کیے ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت اسرائیلی آبادکاری کی پالیسیوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاگو کرکے کشمیری مسلمانوں کی ثقافت، زبان اور مذہبی شناخت کو ختم کرنے پر تلاہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں G-20کے اجلاس کا انعقاد بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہوگی جبکہ اس اقدام سے G-20کے رکن ممالک کی ساکھ کو بھی بری طرح نقصان پہنچے گا۔