مغرب اپنی سپلائی چین کو چین سے بھارت منتقل کرنے میں محتاط رہے ، ہیومن رائٹس واچ
اسلام آباد 13جنوری (کے ایم ایس)
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ ترین سالانہ رپورٹ میں مغرب کواپنی سپلائی چین کو چین سے بھارت منتقل کرنے میں محتاط رہنے کیلئے کہاہے ۔
ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں بھارت اور اس ہمسایوں پر تنقید کرتے ہوئے آسٹریلیا، جاپان، کینیڈا، برطانیہ، یورپی یونین اور امریکہ کو بھارت کے حوالے سے خبردار کیاہے۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم نے کہا کہ انسانی حقوق کے احترام کیلئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر دبائو ڈالے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات بڑھانے سے "بھارت میں اقلیتوں کولاحق بڑھتے ہوئے خطرات سے تحفظ کا ایک اہم موقع گنوادیاگیا ہے”۔بعض مواقع پر ہیومن رائٹس واچ نے بھارت سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ سے ملتے جلتے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 2022 میں ٹیکس حکام کے چھاپوں، مالی بے ضابطگیوں کے الزامات اورفارن کنٹری بیوشن ریگولیش ایکٹ (ایف سی آر اے) کے ذریعے انسانی حقو ق کے کارکنوں اور صحافیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی اور انسانی حقوق کے گروپوں اورکارکنوں کو ہراساں کیا۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی حکومتیں قائم ہیں حکام نے احتجاج یا مبینہ جرائم کی سزا کے طور پر قانونی اختیار یا مناسب کارروائی کے بغیر مسلمانوں کے گھروں اور جائیدادوں کو مسمار کیا۔