مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں،لوگوں سے 26جنوری کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر22جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بارہمولہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے 26جنوری ،بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طوپرمنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت پسند تنظیم ”آزادی کے متوالے”کی طرف سے دیواروں اوراہم مقامات پرچسپاں کئے گئے پوسٹروں میں ”کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں” اور ”بھارتی یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ ہے” جیسے نعرے درج تھے۔پوسٹروں میں بھارت کو پیغام دیا گیاہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے اپنے جائز مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے اور جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے تک جاری رکھیں گے۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ غیر قانونی نظربندیاں حریت رہنمائوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتیں اور وہ تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔