ہندواڑہ قتل عام کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش
سرینگر25 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے ہندواڑہ قتل عام کے شہداءکو آج ان کے33ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 1990 میں آج کے دن مقبوضہ وادی کشمیر کے ہندواڑہ قصبے میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 21 کشمیری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو ئے تھے۔یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چند روز قبل سرینگر کے علاقے گاﺅ کدل میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے آج سری نگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندواڑہ میں پرامن مظاہرین کا وحشیانہ قتل نام نہادبھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک اور سیاہ دھبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداءکی قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔انہو ں نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے بدترین ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور وہ اپنے شہداءکے مقدس مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے پر عزم ہیں۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے بھی ایک بیان میں ہندواڑہ قتل عام کے شہداءکو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی بھارتی غلامی سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں عزم کا اعادہ کیا۔ اس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کل 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے تنظیم کے سینئر رہنما محمد حسین حکاک کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہیں بھارتی فوجیوں نے 1992 میں آج ہی کے دن سری نگر کے علاقے نواب بازار میں شہید کر دیا تھا۔