بھارت:حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کی مودی حکومت کے بجٹ پر کڑی تنقید
بجٹ میں بے روزگاری،مہنگائی اور عدم مساوات سے نمٹنے کا کوئی حل موجود نہیں،راہل گاندھی
یہ بجٹ عوام کا مودی حکومت پر گرتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے، ملکارجن کھڑگے
نئی دلی02فروری (کے ایم ایس)
بھارت میں حزب اختلا ف کی مرکزی جماعت کانگریس نے بجٹ2023-24پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنماء راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں مودی حکومت کے بجٹ کو متر کال کا بجٹ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں نہ تو ملک میں ملازمتیں پیدا کرنے کا کوئی ویژن ہے اور نہ ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عدم مساوات سے نمٹنے کا کوئی طریقہ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1فیصدلوگ سب سے امیر 40فیصد ملکیت کے مالک ہیں، 50فیصدسب سے غریب اور64 فیصد جی ایس ٹی کی ادائیگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے 42فیصد نوجوان بے روزگار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بجٹ کے ذریعے مودی حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اس کے پاس کو ئی ویژن موجود نہیں ہے۔کانگریس کے صدرملکار جن کھڑگے نے متعدد ٹویٹس میں بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت کا یہ بجٹ صرف آئندہ سال ہونے والے انتخاب کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے ملک کو مدنظر رکھ کر نہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں وزیر مالیات نے کئی بڑے وعدے کیے، لیکن بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی سے نمٹنے کا کوئی ویژن پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ بجٹ عوام کا مودی حکومت پر گرتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے ۔ ملکارجن کھڑگے نے کہاکہ مودی حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ، ملکی معیشت کوتباہ اور ملک کی دولت لوٹنے کے علاوہ اورکچھ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ کسان دشمن نریندر مودی حکومت نے بجٹ میں کسانوں کو کچھ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیاکہ حکومت نے گزشتہ سال کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا،تاہم ابھی تک اس وعدے کو پورا نہیں کیاگیا ۔سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے مودی حکومت کے بجٹ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت بھارت کے عوام کے مسائل ۔ غربت ،بے روزگاری مہنگائی اور امیر و غریب کے درمیان بڑھتے فاصلے کو دور کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے بجٹ کو صرف خوابوںکا سوداگر اور محض لفاظی قراردیا۔
واْضح رہے بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بدھ کو بجٹ 2023-24 پیش کیا ہے ۔ ملک میں آئندہ سال ہونے والے عام انتخاب سے قبل یہ مودی حکومت کا آخری بجٹ ہے۔