افغان طالبان نے بھارت کی شہ پر حملہ کیا، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے بھارت کی شہ پر پاکستان پر حملہ کیا، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر حملہ بھارتی ایما پر ہوا، جب حملہ کیاگیااس وقت افغان وزیر خارجہ بھارت میں تھے، ہمیں جواب دیناپڑا۔انہوں نے کہاکہ افغان طالبان کی درخواست پر 48گھنٹوں کی جنگ بندی کی گئی، گیند اب افغان طالبان کے کورٹ میں ہے، صرف وقت گزاری کے لیے جنگ بندی قبول نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان طالبان کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، حالیہ واقعات سے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے، افغان جارحیت پر افواج پاکستان کو جواب دینا پڑا، افواج پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے خوارجیوں کو منہ توڑ جواب دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک خاص طور پر قطر اس معاملے کو طے کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے دو ہزار کلو میٹر کا بارڈر شیئر کرتا ہے، اپنے محدود وسائل کے باوجود 40 لاکھ افغان شہریوں کی میزبانی کی، پاکستان اور افغانستان کی طویل مشترکہ سرحد ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ افغان دہشتگرد پولیس،افواج پاکستان کے جوانوں اور عام شہریوں کو شہید کر رہے ہیں، ہم نے بھائی چارے کے رشتے کو قائم و دائم رکھا ہے، افغانستان سے بھائی چارے کا رشتہ برقرار رکھیں گے، افغانستان کے ساتھ جائز شرائط پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2018میں دہشتگردی ختم ہوگئی تھی پھر کیسے دہشتگرد واپس آئے؟ 2018 کے بعد کی حکومت نے دہشتگردوں کو واپس لا کر بسایا۔





