بھارت

بھارت میں کبڈی کی قومی سطح کی کھلاڑی کا کوچ پر عصمت دری اور بلیک میلنگ کا الزام

نئی دہلی07فروری(کے ایم ایس)بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس نے قومی سطح کی کبڈی کھلاڑی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی ہے جس نے اپنے کوچ پر جنسی زیادتی اور سوشل میڈیا پر اس کی نجی تصاویر لیک کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کرنے کا الزام لگایا ہے۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کارروائی 27 سالہ متاثرہ لڑکی کی جانب سے گزشتہ ہفتے بابا ہری داس نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے کے بعد کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کا بیان عدالت کے سامنے ریکارڈ کرایا گیا ہے۔شکایت کے مطابق 2012 میں متاثرہ لڑکی ملزم جوگیندر کے ساتھ اس وقت رابطے میں آئی جب وہ اسے مغربی دہلی میں منڈکا کے قریب ہیرانکڈنا میں کبڈی مقابلے کے لیے تربیت دے رہا تھا۔ شکایت میں مزید کہا گیا کہ مارچ 2015 میں ملزم نے متاثرہ لڑکی کی عصمت دری کی اور اسے دھمکانے کی کوشش کی۔افسر نے بتایاکہ بعد میں2018میں ملزم نے متاثرہ لڑکی کو قومی مقابلے میں اپنی جیت کے نتیجے میں ملنے والے معاوضے کا کچھ حصہ دینے پر مجبور کیا۔ جس کے بعد اس نے 43.5لاکھ روپے ملزم کے بینک اکائونٹ میں منتقل کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ جب متاثرہ لڑکی کی 2021میں شادی ہوئی تو اس نے سوشل میڈیا پر اس کی نجی تصاویر لیک کرنے کی دھمکی دے کر اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور ملزم کو پکڑنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں ونیش پھوگٹ، ساکشی ملکھ اور بجرنگ پونیا سمیت کچھ نامور ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیاکے صدر اور کوچز کی جانب سے خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے اور فیڈریشن کے کام کاج میں بدانتظامی کا الزام لگاتے ہوئے بھارتی دارالحکومت کے جنتر منتر پراحتجاجی دھرنا دیا تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button