مقبوضہ جموں و کشمیر

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طر ف سے مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال پر اظہار تشویش

 

سرینگر13اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شوپیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پانچ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کا قتل بھارتی فورسز کاروز کا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے اسے بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت جو کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے اب ظلم وتشدداورفوجی طاقت کے بل بے گناہ کشمیری نوجوانوںکاقتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ شوپیان میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔ مقبوضہ علاقے کی موجود تشویشناک صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مسلسل کشمیریوں کی نسل کشیُ اوربڑے پیمانے پر گرفتاریوں نے بی جے پی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کے بیانیہ کو بے نقاب کردیا ہے۔حالیہ گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران بھارتی فورسز نے بلاجواز طورپر سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے انہیں وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کردیاہے۔

ادھرجموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان شفیق الرحمن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں پر ظلم وتشد دکی بھارت کی فسطائی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ نہتے کشمیریوںکا قتل عام ، ظلم وتشدد اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کشمیریوں کی سیاسی ، سماجی اور ثقافتی شناخت مٹانے کی بھارت کی منظم نوآبادیاتی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیان میں پانچ کشمیری نوجوانوں کے قتل پر شدیدردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیاں اور کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی بھارت کی مذموم سازش کاحصہ ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button