بھارت میں مسلمان مستقل خطرے میں رہ رہے ہیں: اسد الدین اویسی
نئی دہلی 10 فروری (کے ایم ایس) بھارتی پارلیمنٹ ممبر اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں مسلمان مسلسل خطرات میں زندگی گزار رہے ہیں اور کوئی مہینہ ایسا نہیں گزرتا جس سے ان کی جانوں کو خطرہ نہ ہو۔
اسدالدین اویسی نے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کی زیرقیادت حکومت کو بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال اور سرحد پر چین کے ساتھ جھگڑے سمیت کئی محاذوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ” ایک ممبرپارلیمنٹ نے حال ہی میں لوگوں سے کہا کہ وہ صرف سبزیاں کاٹنے کیلئے نہیں بلکہ گلے کاٹنے کیلئے بھی چاقو استعمال کریں” ۔ ایک اور رکن پارلیمنٹ نے لوگوں سے مسلم کمیونٹی کا بائیکاٹ کرنے کو کہا۔اسدالدین اویسی نے کہاکہ گلبرگہ ریلوے سٹیشن کا رنگ سبز سے بدل دیا گیا کیونکہ یہ مسلمانوں کا رنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نریندر مودی حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ اپنے جھنڈے سے سبز رنگ کو بھی ہٹا دے گی؟ ۔
اویسی نے مزید پوچھا کہ کیا مودی حکومت تربوز کی فروخت پر پابندی عائد کرے گی کیونکہ ان کا رنگ سبز ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلقیس بانو بیس سال سے انصاف کیلئے لڑر ہی تھی اور ان کو اس لئے انصاف نہیں ملا کیونکہ وہ مسلمان خاتون تھی ۔ اویسی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کی آبادی کا 19 فیصد ہونے کے باوجود صدر کے خطاب میں اقلیتوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
انہوں نے پوچھا کہ "این ایس ایس او کے اعداد و شمار کے مطابق، کیا یہ سچ نہیں ہے کہ 25 فیصد مسلم طلبا غربت کی وجہ سے تعلیم چھوڑ دیتے ہیں؟ کیا یہ بھی درست نہیں کہ سات سال یا اس سے اوپر کے بچوں میں خواندگی کے لحاظ سے سب سے کم فیصد مسلمانوں کا ہے؟ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ طلبا کی مجموعی حاضری کا تناسب مسلمانوں میں سب سے کم ہے؟ کیا یہ بھی درست نہیں کہ اسکولوں میں سب سے کم داخلہ مسلمانوں کا ہے؟ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ آل انڈیا سروے آن ہائر ایجوکیشن (AISHE) کے اعداد و شمار کے مطابق اعلی تعلیم حاصل کرنے والے مسلمانوں کا فیصد 5 سے کم ہو کر 4 فیصد پر آ گیا ہے۔ اس سب کے بعد بھی صدر کے خطاب میں اقلیتوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
اسدالدین اویسی نے مزید کہا کہ اقلیتوں کیلئے مختص بجٹ میں 40 فیصد کمی کی گئی ہے کیونکہ نریندر مودی کی حکومت نہیں چاہتی کہ مسلمان بچے مضبوط ہوں اور قوم کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مودی چاہتے ہیں کہ اقلیتیں غربت اور امتیازی سلوک کا شکار رہیں۔
اڈانی گروپ پر ہندن برگ کی تحقیقاتی رپورٹ پر اویسی نے کہا کہ اگر ہندن برگ ریسرچ ہندوستان سے ہوتی تو اسے (یو اے پی اے )کا سخت سامنا کرنا پڑتا۔انہوں نے گوتم اڈانی کیساتھ تعلقات کو لے کر مودی پر طنز کیا اور کہا، "اے آپ کے لیے بہت بدقسمت ہے۔ پوری مارکیٹ 5ویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔