کل جماعتی حریت کانفرنس کیطرف سے بھارتی وحشیانہ اقدامات کیخلاف کامیاب ہڑتال پر کشمیری عوام کا شکریہ
سرینگر16فروری(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے انسداد تجاوزات کی مہم کے نام پر جاری بے دخلی اور مسماری مہم کے خلاف ہڑتال کی حمایت اور اسے کامیاب بنانے پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی جائیدادوں، زمینوں، وقف املاک پر قبضے اور ان کے مکانوں، دکانوں اور کاروباری پلازوں کو مسمار کرکے انہیں مکمل طورپر مفلوک الحال بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے وحشیانہ بھارتی اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کی شناخت کو مٹاناہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کشمیریوں کا ہے ، وہ اپنی سرزمین پر غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور وہ اپنے حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے عوام کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت مانگنے پر بے انتہا جبر واستبداد کا نشانہ بنا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے متحدہ جہاد کونسل سمیت دیگر آزاد پسند تنظیموں کی طرف سے کال کی بھر پور حمایت پر انکابھی شکریہ ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام خطے میں امن، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کے خواہاں ہیں اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک انہیں انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا۔