APHCآزاد کشمیر

دھیر کوٹ :شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کانفرنس منعقد کی گئی

دھیر کوٹ 26ستمبر (کے ایم ایس)
نانگا پیر اور کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج آزاد جموں و کشمیر کے شہر دھیرکوٹ میں شہدا کانفرنس منعقد کی گئی ۔
آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور سماجی شخصیت راجہ نثار احمد شیخ نے تقریب کی صدارت کی جنہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نانگا پیرکے عوام نے 1947سے اب تک تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور یہ شہیدوں کی سرزمین ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی، رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی امتیاز نسیم، سابق سیکریٹری اور سماجی شخصیت راجہ محمد ارشاد خان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر راجہ مہتاب اشرف خان، ڈاکٹر عبدالمجید خان اور دیگر نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ شہدا کانفرنس سے نثار احمد، سردار عبیر عباسی، راجہ واجد علی خان، پروفیسر ریاض اصغر ملوتی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button