انسانی حقوق

انسانی حقوق کے کشمیری کارکن خرم پرویز کیلئے مارٹن اینالز ایوارڈ مظلوم کشمیریوں کی فتح ہے، علی رضا سید

برسلز16 فروری (کے ایم ایس)
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ سوئیٹزر لینڈ کے دارالحکومت جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم مارٹن اینالزفائونڈیشن نے انسانی حقوق کے عالمی شہرت یافتہ کشمیری کارکن خرم پرویز کیلئے مارٹن اینالز ایوارڈ کا اعلان کرکے مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کو تسلیم کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ وہ خرم پرویز کو ایوارڈ دینے کی تقریب میں شرکت کیلئے جنیوا روانہ ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خرم پرویز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار کیا ہے اور تقریبا گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بے بنیاد الزامات کے تحت جیل میں نظربند ہیں۔مارٹن اینالز فائونڈیشن برطانوی نژاد انسانی حقوق کے اہم رہنما اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سابق سیکرٹری جنرل مارٹن اینالز کے نام پر قائم کی گئی ہے۔ تنظیم نے اس بار خرم پرویز کے علاوہ، چاڈ کے ڈیلفین ڈجیرائبی اور وینزویلا کے فلیسیانو رائینا کو بھی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ فائونڈیشن کے مطابق انسانی حقوق کے ان کارکنوں نے اپنی جان کے خطرات میں ڈال کر اور دیگر چیلنجز کے باوجود انسانی حقوق کو اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے متاثرین کو انصاف دلوانے کے لیے مسلسل تیس سال جدوجہد کی ہے۔علی رضا سید نے مارٹن اینالز فائونڈیشن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے جس کی انتظامیہ نے اس ایوارڈ کے لیے بہت موزوں اور درست شخصیت کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائونڈیشن نے خرم پرویز کے لیے ایوارڈ کا اعلان کرکے کشمیریوں کے حقوق کو تسلیم کیا ہے اور یہ اس بات کی بھی دلیل ہے کہ یورپ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا احساس ہے۔ایوارڈ کی تقریب 16 فروری کو جنیوا میں ہوررہی ہے۔کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خرم پرویز اور انسانی حقوق کے دیگر کشمیری کارکنوں، صحافیوں اور سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور یورپی یونین اور دیگر عالمی طاقتوں سے درخواست کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے مناسب اور کشمیریوں کیلئے قابل قبول حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button