مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تنازعہ کشمیر کے فوری حل کے لیے مداخلت کریں: نعیم خان

 

سرینگر 20 فروری (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیاہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے فوری حل کے لیے مداخلت کریں ۔
نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کررکھا ہے اور وہ بے گناہ لوگوں کو مظالم کا نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیاہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں علاقے میں بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام سے تمام بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں اور علاقے میں جاری گھروں کی مسماری اور جبری بے دخلی کی مہم بھارتی حکام کی کشمیردشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی ، سیداعجاز رحمانی ، شیخ یعقوب ، منظور احمد شاہ اورزاہد اشرف نے اپنے بیانات میں کہا کہ ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی حمایت یافتہ مودی حکومت جموں وکشمیر میں لوگوں کی زمینوں کو طاقت کے بل پر چھین رہی ہے تاکہ غیر کشمیریوں کو بساکر علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کے مذموم منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جسکے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ حریت رہنمائوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں عالمی قوانین اورضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ،،محمد یاسین ملک، مولوی بشیر،آسیہ اندرابی ،ناہیدہ نسرین ،فہمیدہ صوفی،ڈاکٹر قاسم فکتو ،ڈاکٹر شفیع شریعتی، نعیم احمد خان، عبدالصمد انقلابی ، بلال صدیقی، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، محمد یوسف میر اور انسانی حقوق کے کارکنوں خرم پرویزاوراحسن انتو اورکشمیری صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button