بنگلہ دیشی کسانوں کے ساتھ جھڑپ میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے دو اہلکار زخمی
کولکتہ27فروری(کے ایم ایس)بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بھارت-بنگلہ دیش سرحدپر بنگلہ دیشی کسانوں نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف)کے دو اہلکار وں کوشدید زخمی کردیا اور ان کے ہتھیار چھین لیے۔
بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے سرحد کے قریب ایک کھیت میںسو سے زائد بنگلہ دیشی کسانوں کو کام کرنے سے روک دیا جس کے بعد بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں اور بنگلہ دیشی کسانوں کے درمیان تصادم شروع ہو گیا۔سرحدی چوکی نرملچر کے بی ایس ایف اہلکاروں نے بنگلہ دیشی کسانوں کو اپنے مویشیوں کو سرحد کے قریب کھیتوں میں لانے سے روک دیا۔کولکتہ میں بی ایس ایف کے ترجمان نے دعویٰ کیاکہ بنگلہ دیش کے سو سے زائد کسان بھارتی علاقے میں داخل ہوئے اور بی ایس ایف کے اہلکاروں پر لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع مرشد آباد کے برہم پور سیکٹر میں ہونے والے اس حملے میں بی ایس ایف کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور فوجیوں کا اسلحہ چھین کر بنگلہ دیش فرار ہوگئے۔