مقبوضہ کشمیرمیں پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ کشمیریوں کو معاشی طورپر کمزور کرنے کی سازش ہے، غلام گلزار
سرینگر02مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی انکی زمینوں سے جبری بے دخلی اور املاک منہدم کرنے کی مہم، سرکاری ملازمین کی برطرفیوں اور جائیدادیں ضبط کرنے کے بعد مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کو معاشی طورپر کمزور کرنے کیلئے پراپرٹی ٹیکس نافذ کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ کشمیریوں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیلنے اور انہیں محکوم رکھنے کا ظالمانہ اقدام ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت میں ہندوتوا طاقتیں کشمیریوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر تلی ہوئی ہیں اور اگر مقبوضہ جموںو کشمیرکے عوام اس نازک موڑ پر خاموش رہے تو بھارت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کے تمام خطوں کے عوام پر زور دیا کہ وہ بلا تفریق ذات پات، مسلک اور رنگ و نسل اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کے خلاف مزاحمت کریں۔حریت رہنما نے کہا کہ اپنی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو محکوم رکھنے میں ناکامی کے بعد مودی حکومت دھوکہ دہی کے ذریعے ان کی زمینیں، وسائل، روزگار اور ذریعہ معاش چھیننے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے قتل عام ، گرفتاریوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور دیگر مظالم میں تیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم و تشدد کے ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبانے میں ہرگزکامیاب نہیں ہوگا۔غلام احمد گلزار نے تحریک آزادی کو اجاگرکرنے اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جرائم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے پر بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کشمیر کاز کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ مملکت خدادا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششوں میں مزید تیزی لائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔