بھارت میں H3N2وائرس کے مریض نمونیا جیسی صورتحال سے دوچار
نئی دہلی12مارچ(کے ایم ایس)بھارت میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے دوران مریض نمونیا جیسی صورتحال سے دوچارہیں اور وہ کانوں میں کوئی چیز پھنس جانے کی شکایت کرتے ہیں۔
سی کے برلا ہسپتال کے کنسلٹنٹ انٹرنل میڈیسن راجیو گپتا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانوں میںکوئی چیزپھنس جانا فلو کی اس قسم میں نظر آنے والی ایک اضافی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بیماری کے پانچویں یا چھٹے دن بہت سے مریض کانوں میں کوئی چیزچلے جانے کی شکایت کرنے لگتے ہیں یا محسوس کرتے ہیں کہ کانوں کے اندر کوئی چیز پھنسی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان بالغوں میں زیادہ عام ہے۔
دریں اثناء بھارت میں موسمی انفلوئنزا کی ذیلی قسم H3N2کی وجہ سے دو اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں سے ایک کرناٹک اور ایک ہریانہ میں ہوئی ہے۔ بھارت کے وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے بھی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صورتحال پرکڑی نظر رکھیں۔