مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم ، جنرل عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں
سرینگر17 مارچ (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک بار پھر پاکستانی پرچم اور پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں اور کشمیریوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی پر پاکستانی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر اور اسکے ملحقہ علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں پوسٹروں میں پاکستانی پرچم اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی تصاویر موجود ہیں۔
پوسٹروںمیں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرکا یہ حالیہ بیان بھی تحریر ہے ”دنیا کو انصاف کو یقینی بنانا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا چاہیے“۔
ایک پوسٹر میں لکھا ہے” جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خاتمے اور آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پوسٹروں میں یہ نعرے بھی درج ہیں ”گو انڈیا گو بیک، جموں و کشمیر دو قومی نظریہ کا حصہ ہے، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“۔یاد ہے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی مرحوم کا تخلیق کردہ ہے۔
یہ پوسٹر” کشمیری یوتھ، سولجرز آف اسلام“ نے چسپاں کیے ہیں۔پوسٹر فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ کوڈ کیے گئے ہیں۔