بھارت : ممتاز سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کیلئے بڑا آپریشن ،گرفتار ساتھی آسام جیل منتقل
امرتسر19مارچ (کے ایم ایس ) بھارتی پنجاب میں ممتاز سکھ رہنما اور ”وارث پنجاب دے“کے سربراہ امرت پال سنگھ“ کی گرفتاری کیلئے ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز شام کو ذرائع ابلاغ میں انکی گرفتاری کی خبر آئی تھی جو بعد میں غلط نکلی اور وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
پولیس نے گزشتہ روز جالندھر کے علاقے میھٹ پورمیں انکی گرفتاری کیلئے ایک بڑا آپریشن کیا تھاتاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے البتہ انکے چھ قریبی ساتھی گرفتاکر لیے گئے تھے۔ پنجاب کے کئی اضلاع میں آج بھی موبائل، انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروسز معطل رہیں۔
دریں اثنا بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا کہ امرت پال سنگھ کے چار سینئر گرفتار ساتھیوں کو ریاست آسام کے شہر ڈبرو گڑھ کی ایک ہائی سیکورٹی والی جیل میں منتقل کیا گیا ہے۔ انہیں امرتسر سے فضائیہ کے ایک خصوصی طیارے میں ڈیرو گڑھ پہنچایا گیا۔ ان چاروں کے ساتھ پنجاب پولیس کی 30 رکنی ٹیم بھی تھی جس میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بھی شامل تھے۔ اطلاعات کے مطابق امرت پال سنگھ ابھی تک مفرور ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈبرو گڑھ سینٹرل جیل شمال مشرقی بھارت کی قدیم ترین جیلوں میں سے ایک ہے۔ حکام کا کہنا کہ پنجاب پولیس نے اب تک امرت پال سنگھ کی تنظیم ”وارس پنجاب دے“ کے 78 اراکین کو گرفتار کیا ہے۔ امرت کے والد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے اور امرتسر میں ان کے گاؤں جلو پور خیرا کے باہربڑی تعداد میں پولیس اور پیرا ملٹری اہلکار تعینات ہیں۔