مظفر آباد،میر پور:کشمیریوں نے یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا
مظفر آباد 23مارچ (کے ایم ایس )
کنٹرول لائن کے دونوں جانب مقیم کشمیریوں نے جمعرات کو یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعدملک کی سلامتی،ترقی اور خوشحالی اور کشمیریوں کی منصفانہ اور اصولی جدوجہد کی جلد کامیابی کے لیے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا ۔آزاد جموں و کشمیر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں تمام چھوٹی بڑی نجی اور سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے جھنڈے لہرائے گئے۔مختلف نجی سماجی، سیاسی اور عوامی نمائندہ تنظیموں نے اس دن کو منانے کے لیے خصوصی پروگراموں کاانعقاد کیا۔مظفرآباد میں یوم پاکستان کے موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی – جہاں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی پرچم کشمیریوں کی پاکستان سے گہری محبت کے ساتھ قومی دن کے موقع پر لہرائے گئے۔ شہر میں تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے جھنڈے لہرائے گئے۔ آزاد جموں و کشمیر کے تمام دس اضلاع جن میں مظفرآباد، وادی نیلم، وادی جہلم، حویلی، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ، سدھنوتی، راولاکوٹ کے علاوہ ان کے متعلقہ سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقاریب میں مقررین نے قائداعظم محمد علی جناح کی فعال قیادت میں شروع کی گئی تحریک پاکستان کی تاریخ کے پس منظر میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ادھرمیرپور میں بھی جمعرات کو 83واںیوم پاکستان کو پاکستان کی حکومت اورعوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور محبت کے اعادہ کے ساتھ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔