مودی حکومت پارلیمنٹ کو اپنے گھناﺅنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے ، وزیر اعلیٰ تلنگانہ
حیدر آباد25مارچ(کے ایم ایس) بھارتی ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راﺅ نے کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیے جانے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مودی کے غرور ، تکبر اور آمریت کی ایک واضح مثال ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ مودی حکومت نہ صرف دستوری اداروں کا بیجا استعمال کررہی ہے بلکہ اعلیٰ ترین جمہوری پلیٹ فارم پارلیمنٹ کو بھی اپنے گھناﺅنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ جموریت اور آئینی اقدار کیلئے یہ کافی کٹھن وقت ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی حکومت میں بھارت کے حالات ایمر جنسی کے حالات سے بھی بدتر ہوچکے ہیں، اپوریشن رہنماﺅں کو ہراساں کرنا معمول بن چکا ہے اور مودی حزب اختلاف کے رہنماﺅں کو نااہل قرار دے رہے ہیں جبکہ مجرموں اور دھوکے بازوں کا تحفظ کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تمام جمہوری طاقتوں کو بی جے پی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے تاکہ ملک میں دستوری اور جمہوری اقدار کا تحفظ ہو ۔