مقبوضہ کشمیر:مفتی اعظم کا میر واعظ عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر 28مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق، مولانا عبدالرشید دائودی اور دیگر علمائے دین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
مفتی ناصر الاسلام نے یہ مطالبہ سرینگر میں علمائے کرام کے ایک اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ عمر فاروق 05 اگست 2019 سے گھر میں نظر بند ہیں جب مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر دی تھی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ قابض انتظامیہ نے انہیں مسلسل جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور انہیں مسلسل 187 ہفتوں سے نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی ہے۔اجلاس میں مولانا رحمت اللہ قاسمی، غلام رسول حامی، پروفیسر محمد طیب کاملی، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، غلام محمد بٹ، مولانا فیاض احمد رضوی اور مسرور عباس انصاری نے شرکت کی ۔