بھارت کشمیری رہنماﺅں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں پر جبر کا سلسلہ ختم کرے، پاکستان
اسلام آباد، 05 اپریل (کے ایم ایس) دفتر خارجہ کی ترجمان، ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قید کشمیری رہنماوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی خیریت کے بارے میں پاکستان کی تشویش کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ترجمان نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں پر جبر ختم کرے۔انہوں نے بھارت کی آٹھ ریاستوں میں ہندو توا کارکنوں کی تازہ پر تشدد کارروائیوں کے بعد ملک میں مسلمانوں کے خلاف تشدد میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کے تحفظ کے لیے قابلِ عمل اقدامات کرے تاکہ وہ اپنے عقیدے پر عمل کر سکیں اور اس طرح کی نفرت انگیز کارروائیوں کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرائے۔
ترجمان نے اس حوالے سے او آئی سی کے بیان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ بھارت میں اسلامو فوبیا میں خوفناک اضافہ بھارتی سیاست میں ا ہندوتوا ایجنڈے اور مسلم دشمنی کا نتیجہ ہے۔